پروفیسر ڈاکٹر سجاد پراچہ نے یونیورسٹی آف سدرن پنجاب چیئرمین شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کا چارج سنبھال لیا
ملتان (2 مارچ 2026): ممتاز ماہرِ ابلاغیات اور سینئر ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد پراچہ نے یونیورسٹی آف سدرن پنجاب میں بطور پروفیسر اور چیئرمین، شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد پراچہ تین دہائیوں سے زائد تدریسی، تحقیقی اور انتظامی تجربہ رکھتے ہیں۔ اس سے قبل اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ میڈیا اسٹڈیز سے 33 سال تک وابستہ رہے، جہاں انہوں نے تدریس اور تحقیق کے ساتھ ساتھ اہم انتظامی ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔ وہ 2024 تک کنٹرولر امتحانات کے عہدے پر فائز رہے اور امتحانی نظام میں شفافیت، بہتری اور جدید اصلاحات متعارف کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر سجاد پراچہ کو تدریس و تحقیق کے میدان میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ ان کے 50 سے زائد تحقیقی مقالے قومی و بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے 10 سے زائد پی ایچ ڈی اور 40 سے زیادہ ایم فل تھیسز کی نگرانی کی، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں محققین اور اساتذہ علمی دنیا میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اپنے قیام کے دوران انہوں نے یونیورسٹی کی مختلف اہم کمیٹیوں بشمول ایڈمیشن کمیٹی، پراسپیکٹس کمیٹی اور گروپ انشورنس کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے بی ایس پروگرام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے فوکل پرسن کے طور پر نصاب سازی اور تعلیمی معیار کی بہتری میں فعال کردار ادا کیا۔
جامعہ کے تعلیمی و انتظامی حلقوں نے پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد پراچہ کی تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز تدریس، تحقیق اور پیشہ ورانہ مہارت کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ ان کی تقرری کو یونیورسٹی آف سدرن پنجاب میں میڈیا تعلیم کے فروغ اور تحقیقی کلچر کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

