Contact Us

پروفیسر ڈاکٹر ممتاز رسول کا گردہ کی بیماریوں کے ماہرین ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم کے ہمراہ ڈائلیسز یونٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لودھراں کا معائنہ

Professor Dr Mumtaz Rasool DHQ Lodhran visit

لودھراں  :  حکومت پنجاب کی ہدایت پر کڈنی سینٹر بی وی ایچ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ممتاز رسول کا گردہ کی بیماریوں کے ماہرین ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم کے ہمراہ ڈائلیسز یونٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لودھراں کا معائنہ ۔ کڈنی سنٹربہاول وکٹوریہ ہسپتال کے سربراہ پروفیسرڈاکٹر ممتاز رسول نے گردے کے امراض میں مبتلا ضلع لودھراں سے تعلق رکھنے والے مریضوں پر زور دیا ہے کہ وہ ڈائیلیسز کرانے سے ہرگز اجتناب نہ کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈائلیسز کے حوالے پھیلائی جانے والی افواہیں گمراہ کن ہیں جو سراسر بے بنیاد ہیں اور من گھڑت مفروضات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن مریضوں کے گردے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں ان کی زندگی کو بچانے کے لیے ڈائلیسز کرنا اشد ضروری ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لودھراں کے ڈائیلاسز یونٹ میں زیر علاج مریضوں اور انکے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وہ کڈنی سینٹر کی ماہرین ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔ ماہرین ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم کے دیگر اراکین میں پروفیسر ڈاکٹر سلمان ارشد، ڈاکٹر شعیب منظور، ڈاکٹر برہان برکت، ڈاکٹر زین العابدین اور کوارڈینیٹر رانا اللہ دتہ شامل تھے۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال لودھراں کے دورہ کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز رسول نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لئے بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں ٹرانسپلانٹ کی جدید سہولیات دستیاب ہیں۔ انہوں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک کڈنی سنٹر بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں 60 مریضوں کے گردے کا ٹرانسپلانٹ آپریشن کامیابی سے کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر لودھراں کے مریضوں کو کڈنی سینٹر میں ٹرانسپلانٹ کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گیں۔ انہوں نے کہا کہ گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کے ایسے رشتے دار جو اپنا گردہ عطیہ کرنا چاہیں وہ حکومت پنجاب کے مجوزہ طریقہ کار کے مطابق کڈنی سینٹر کی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لودھراں کے نفرالوجسٹ ڈاکٹر عمر ریاض بھٹی نے کڈنی سینٹر کی ماہرین ڈاکٹرز کی میڈیکل ٹیم کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لودھراں میں قائم ڈائیلسز یونٹ کی کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

مزید پڑھیں