Contact Us

موجودہ حکومت کی اولین ترجیح نظام انصاف میں بہتری لاناہے۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب رانا محمد عارف کمال نون

Rana Muhammad Arif Kamal Noon

بہاول پور: 17/دسمبر موجودہ حکومت کی اولین ترجیح نظام انصاف میں بہتری لاناہے اور فوجداری نظام انصاف میں بہتری کے لیے وفاقی وزارت قانون تمام مکتبہ فکر سے مشاورت کر کے فوجداری قوانین میں اصلاحات کے لیے قانونی ترامیم کو حتمی شکل دے رہی ہے جس سے نہ صرف انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے گا بلکہ عوام الناس کا نظام انصاف پر اعتماد مزید بڑھے گا۔ ان خیالات کا اظہار پراسیکیوٹر جنرل پنجاب رانا محمد عارف کمال نون نے لاہور ہائی کورٹ کے جملہ پراسیکیوٹرز کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں پراسیکیوٹرز کو بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزیدکہا کہ فوجداری نظام انصاف میں انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے عدلیہ اور محکمہ پولیس کی معاونت میں پراسیکیوٹرز کا کردار کلیدی نوعیت کا حامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پراسیکیوٹرز پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے فرائض منصبی انجام دیں۔دریں اثناء پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے لاہورہائی کورٹ کے پراسیکیوٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور احکامات جاری کئے۔

مزید پڑھیں