تحریک پاکستان اور قانون کی بالادستی قائم کرنے کے سلسلے میں وکلاء کا کردار تاریخی اہمیت کا حامل ہے پرنس بہاول عباس عباسی

امیر آف بہاولپور کے ولی عہد کا کا صادق گڑھ پیلس میں وکلا کے اعزاز میں دی گئی ٹی پارٹی میں اظہار خیال علاقائی اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی
ڈیرہ نواب صاحب : تحریک پاکستان کی کامیابی , جمہوریت کے فروغ اور ملک میں قانون کی بالادستی قائم کرنے کے سلسلے میں وکلاء کا کردار تاریخی اہمیت کا حامل ہے- پاکستان کی تخلیق بھی حضرت قائد اعظم محمد علی جناح نےکی جو خود ایک بڑے قانون دان تھے ان خیالات کا اظہار امیر آف بہاولپور کے ولی عہد پرنس بہاول عباس عباسی نے صادق گڑھ پیلس کے دفتر میں تحصیل بار ایسوسی ایشن کے وکلاء کے اعزاز میں دی گئی ٹی پارٹی میں ان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا – پرنس بہاول -عباس عباسی نے کہا کہ دہی اور شہری عوام کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صحت و تعلیم کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے- انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وکلاء برادری اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر تحصیل احمد پور شرقیہ کی پسماندگی کے خاتمے میں ان سے تعاون کرے گی – تحصیل بار ایسوسی ایشن احمدپورشرقیہ کی جنرل سیکرٹری محترمہ پروین عطاملک, سابق تحصیل صدر بار ایسوسی ایشن دیوان عبدالرشید ایڈووکیٹ, ساجد سراج جلوآنہ ایڈووکیٹ کے علاوہ دیگر سینئر وکلا نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں
