پرنس بہاول عباس عباسی کی بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات
پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت آئندہ عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی ۔عمران خان
امیر آف بہاولپور کے ولی عہد کی سابق وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں ہونے والی ملاقات میں ضلع بہاولپور کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اس وقت ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں مقبول ہے ۔آئندہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف دو تہائی اکثریت حاصل کر کے ملک و قوم کی بے مثال خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بنی گالا میں امیر آف بہاولپور کے ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جنہوں نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر ماحولیات ملک امین اسلم خان کے ہمراہ ان سے ملاقات کی تھی ۔ پرنس بہاول عباس خان عباسی کی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران ضلع بہاولپور کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور تحریک انصاف کی انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے جماعت کو علاقہ میں منعقد فعال اور منظم بنانے کے لیے پرنس بہاول خان عباسی کو نوجوان طبقہ سے جاری رابطوں میں اضافہ کرنے کے لئے کہا اور کہا کہ نوجوان نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے ۔ جو اس ملک کو انشاءاللہ اپنی خداداد صلاحیتوں سے چار چاند لگائے گی ۔