عباسی خاندان کے بڑوں نے اپنے دور اقتدار میں ریاست بہاولپور میں تعلیمی اداروں کا جال پھیلایا پرنس بہاول خان عباسی
میرے دادا امیر آف بہاولپور نواب محمد عباس خان عباسی نے ڈیرہ نواب صاحب میں صادق عباس کالج اور انگلش میڈیم عباس پبلک ہائی اسکول قائم کیے جو ہمارے خاندان کی علم دوستی کا مظہر ہیں
امیر آف بہاولپور کے ولی عہد کی صادق گڑھ پیلس کے دفتر میں محکمہ تعلیم بہاولپور اور احمد پور شرقیہ کے افسران کے وفد سے گفتگو ،ضلع بہاولپور کے تعلیمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا
ڈیرہ نواب صاحب (نامہ نگار) محکمہ تعلیم بہاولپور اور احمد پور شرقیہ کے افسران نے صادق گڑھ پیلس کے دفتر میں گزشتہ روز امیر آف بہاولپور کے ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی سے ملاقات کی اور ان سے ضلع بہاولپور بالخصوص تحصیل احمد پور شرقیہ کے تعلیمی مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اس موقع پر تعلیمی اداروں کی صورتحال طلباء اور طالبات کی داخلہ مہم اور مسنگ فیسیلیٹیز کے بارے میں بھی گفتگو کی گئی-
پرنس بہاول عباس عباسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عباسی خاندان کے ان کے بزرگوں نے تعلیم کو اپنے دور اقتدار میں فوکس کیا – سابق ریاست بہاولپور میں تعلیمی اداروں کا جال پھیلایا صادق پبلک سکول اسلامیہ یونیورسٹی صادق ایجرٹن کالج اور دیگر تعلیمی ادارے اس کی مثال ہیں- ولیعہد بہاولپور نے کہا کہ میرے دادا امیر آف بہاولپور مرحوم نواب محمد عباس خان عباسی نے ڈیرہ نواب صاحب میں صادق عباس کالج اور انگلش میڈیم کا عباس پبلک ہائی اسکول قائم کیے جو عباسی خاندان کی علم دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے- پرنس بہاول عباس خان عباسی کے سٹاف افسران بھی اس ملاقات میں موجود تھے

