Advertisements

وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم: نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل خودمختاری کی جانب ایک اور قدم

Advertisements

اداریہ —- 28 فروری 2026

وزیر اعظم پاکستان لیپ ٹاپ سکیم موجودہ دور میں تعلیمی ترقی اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کی ایک اہم قومی کوشش ہے۔ اس سکیم کے تحت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے 3400 سے زائد طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ کی فراہمی نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ اس امر کی بھی غمازی کرتی ہے کہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نوجوان تیار کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔

Advertisements

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا اس سکیم سے مستفید ہونا اس لیے بھی قابلِ توجہ ہے کہ یہ ملک کی دوسری بڑی جامعہ ہے، جہاں دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی ان طلبہ کے لیے تعلیمی تحقیق، آن لائن وسائل کے استعمال اور عالمی تعلیمی معیار سے جڑنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کا یہ کہنا بجا ہے کہ وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم نوجوانوں کو خودمختار بنانے کی سمت ایک سنگِ میل ہے۔ موجودہ عالمی حالات میں ڈیجیٹل مہارت کے بغیر تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی ممکن نہیں رہی، اور ایسی سکیمیں نوجوانوں کے لیے نئے مواقع کے دروازے کھولتی ہیں۔

یہ بھی قابلِ ستائش ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اس قومی منصوبے کو مؤثر اور منظم انداز میں آگے بڑھایا، جس پر چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ شفاف طریقہ کار، واضح شیڈول اور ادارہ جاتی تعاون کسی بھی قومی سکیم کی کامیابی کی ضمانت ہوتے ہیں۔

حکومتِ پاکستان، بالخصوص وزیر اعظم محمد شہباز شریف، کی یہ کاوش اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوانوں کی تعلیم اور ٹیکنالوجی تک رسائی کو قومی ترجیحات میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس طرح کے پروگراموں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے، تاکہ پاکستان کا نوجوان طبقہ علمی، تحقیقی اور معاشی میدان میں ملک کا نام روشن کر سکے۔