وزیر اعظم کا دورہ بہاولپور شہباز شریف کی مفت آٹا تقسیم کرنے والے مراکز میں بزرگوں اور خواتین کے لیے خصوصی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمدشہبازشریف نے مفت آٹا تقسیم کرنے والے مراکز میں بزرگوں اورخواتین کیلئے خصوصی انتظامات کو یقینی بنانے اور بزرگوں ، خواتین اوربیمارشہریوں کوترجیحی بنیادوں پرآٹا فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یہ ہدایات اتوار کو مفت آٹا تقسیم کرنے کے عمل اورانتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بہاولپور کے دورہ کے دوران جاری کی ۔ وزیراعظم نے ڈرنگ سٹیڈیم اورعباسیہ ہائی سکول میں قائم مفت آٹا مراکز کا دورہ کیا ، شہریوں کی شکایات اورمسائل سنے اورحکام کو ان کے حل کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے اس دوران شہریوں میں مفت آٹا تقسیم کرنے کے عمل کا خود جائزہ لیا۔وزیراعظم نے خواتین اوربزرگوں سمیت شہریوں سے اس موقع پر ملاقات کی اوران سے انتظامات کے حوالہ سے گفتگو کی۔وزیراعظم نے شہریوں کومفت آٹا فراہم کرنے کے عمل پراطمینان کااظہارکیا۔دورے کے دوران وزیراعظم نے بیمارخاتون کوآٹے کے دوتھیلے فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ایک تھیلہ آٹا وصول کرنے والے شہریوں کوآئندہ دوتھیلے ایک ساتھ فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہری رمضان کے دوران باربار نہ آئے۔وزیراعظم نے اس موقع پر خواتین اوربچوں سے خصوصی شفقت کا اظہارکیا۔عباسیہ سکول میں ایک بچے نے وزیراعظم کے ساتھ مصافحہ کیا۔ وزیراعظم نے بزرگ شہری عبدالمجید سے گلے ملے اوران کی خیریت دریافت کی۔وزیراعظم نے ایک بیمارشہری اللہ بخش سے بھی ملاقات کی اوران کی خیریت دریافت کی۔وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ بزرگوں ، خواتین اوربیمارشہریوں کوترجیحی بنیادوں پرآٹا فراہم کیا جائے۔وزیراعظم نے بزرگوں اوربیمارشہریوں کاآٹا ان کی سواری تک پہنچانے کیلئے انتظامات کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم کو بتایاگیا کہ بہاولپورمیں آٹا مفت تقسیم کرنے کے 26 مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں 7 لاکھ 21 ہزار مستحق شہریوں میں مفت آٹاتقسیم کرنے کا عمل جاری ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ہرمستحق شہری کو آٹے کاتھیلہ ملنا چاہیےاورکوئی بھی شخص آٹامرکز سے خالی ہاتھ نہ لوٹے۔ وزیراعظم نے بی آئی ایس پی میں رجسٹرنہ ہونے والے مستحق افراد کی رجسٹریشن کیلئے بی آئی ایس پی اورنادرا کے حکام کو ہدایات بھی جاری کی۔ وزیراعظم نے آٹا مرکز میں قائم ہیلتھ سینٹر کادورہ بھی کیا اورعملہ سے سہولیات اورمریضوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔وزیراعظم اس سے قبل لاہور،سرگودھا اورقصورمیں آٹا مراکز کے دورے کرچکے ہیں۔