وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں کھاد کے موجودہ ذخائر اور قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس
اسلام آباد۔29نومبر: وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایت انہوں نے پیر کو ملک میں کھاد کے موجودہ ذخائر اور قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں وفاقی وزرائ اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، سید فخر امام، مشیر خزانہ شوکت ترین کے علاوہ سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ وزیر اعظم کے پچھلے ہفتے ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات کی ہدایت کے بعد کھاد کی فی بوری قیمت فروخت میں اوسطاً 400 روپے کی کمی آئی ہے۔ وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ کھاد کی سپلائی کو مانیٹر کرنے کے لیے آن لائن پورٹل بنا لیا گیا ہے جس سے صوبے اور تمام ضلعی انتظامیہ کھاد کی نقل و حرکت اور اسٹاک کو مانیٹر کر سکتے ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ 13 نومبر سے اب تک کھاد کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے متعدد اقدامات لئے گئے ہیں۔ ان میں 347 ایف آئی آر، 244 گرفتاریاں، 21,111 انسپیکشنز، 480 گودام سیل اور 2.79 کروڑ کے جرمانے کئے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر ضلع میں کنٹرول روم بنائے گئے ہیں جہاں کھاد کی کمی، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری سے متعلق شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں۔ صوبوں کے مابین سرحدوں پر اسمگلنگ روکنے کے لیے چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف متعلقہ قوانین میں ترامیم کی جا رہی ہیں جس میں اطلاع فراہم کرنے والوں کو ضبط شدہ مال کی نسبت سے انعام دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔