وزیراعظم عمران خان کا بہاولپور میں نیا پاکستان صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار چور، مجرم اور لندن بھاگے شخص کیلئے عدالت چلی گئی
عدالت سے کہہ رہے ہیں کہ اسے ایک اور موقع دینا چاہیے، سپریم کورٹ بار اگلی پٹیشن یہ کرےکہ پاکستان میں جیل کھول دیں۔
بہاولپور میں صحت انصاف کارڈ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن کو نشانے پر رکھا اور سپریم کورٹ بار پر بھی کڑی تنقید کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ساری دنیا حیران ہوگی کہ شہبازشریف کے بیٹے کی شوگرمل میں 10 ہزار روپےمیں کام کرنے والے کے اکاؤنٹ میں 4 ارب کیسے آگئے؟ جب آپ تہہ میں جائیں گے تو آپ کو پتا چلے گا کہ ہمارا ملک اس مقام پر کیوں نہیں پہنچ سکا جہاں پہنچنا چاہیے تھا، اگر آپ فیکٹری پر ڈاکو کو بیٹھا دیں گے تو وہ بھی دیوالیہ ہوجائےگی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دونوں بیٹے لندن میں اربوں روپے کی پراپرٹیز میں بیٹھے ہوئے ہیں، یورپ میں سب سے مہنگا شہر لندن ہے اور لندن کی سب سے مہنگی جگہ پر ان کے اربوں روپے کے گھر ہیں، بچوں کوانہوں نے باہر بھجوا دیا ہے، تین بار کے وزیراعظم سے پوچھو کہ بچوں کے پاس اربوں روپےکیسےآئے؟ تو کہتے ہیں بچوں سے پوچھو مجھے نہیں پتا، بچوں سے پوچھو تو کہتے ہیں کہ پاکستان کے شہری ہی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی کریمﷺ کو رحمت اللعالمین بناکر بھیجا سب انسانوں کے لیے، یعنی جو ان کی سنت پر عمل کرے وہ آگے جائے گا، مغرب والے فلاحی ریاست کے معاملے میں ہم سے بہت آگے ہیں جب کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مسلمان ممالک میں شاید ہی کوئی فلاحی ریاست ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے لیے کہاں سے پیسہ لائیں؟ جبکہ سب سے زیادہ پیسہ صحت پر خرچ ہوتا ہے، برطانیہ میں صرف صحت کا بجٹ پاکستان کے پورے سالانہ بجٹ سے زیادہ ہے، ہم جو ہیلتھ انشورنس کارڈ دے رہے ہیں وہ مغرب میں بھی نہیں لے گا کیوں کہ وہاں انشورنس کے عوض پیسے دیے جاتے ہیں جبکہ حکومت یہ مفت دے رہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے تمام آبادی کے لیے اسپتال بنانے کے وسائل نہیں، یہ ہیلتھ کارڈ پہلی باردیا جارہا ہے جس سے پاکستان کے ہیلتھ کے شعبے میں انقلاب آئے گا، ملک کی تاریخ میں آج تک عوام پر اتنا خرچہ نہیں ہوا، پنجاب حکومت صرف ہیلتھ کارڈ پر 400 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں معاشی بحران آیا اور مہنگائی ہوئی، بلومبرگ کے مطابق پاکستان کی معیشت تیزی سے اوپر جارہی ہے، نااہل حکومت دنیا کی ٹاپ تھری پوزیشن پر کیسے آگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو کہتا ہوں ، تنقید اچھی چیز ہوتی ہے، تنقید کریں لیکن بیلنس کریں، تنقید تو بہت اچھی چیز ہوتی ہے جمہوریت کا حسن ہوتا ہے۔