بہاول پور:20/جولائی ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنایا جائے اورپرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں فعال انداز میں کام کریں۔ وہ دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر مجاہد عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز زبیر عباسی،انچارج مانیٹرنگ اینڈ رپورٹنگ سیل ڈی سی آفس بہاول پور ڈاکٹر محمد صفدر منیر ملک، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز زبیر عباسی نے یکم جولائی 2023ء سے 19جولائی تک پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 14603 دکانوں، ریڑھیوں،مارکیٹس و دیگر کاروباری مراکز پر جا کر انسپکشن کی اور خلاف ورزی پر موقع پر ہی مجموعی طور پر 1068000/-روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 5دکانداروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر ز درج کرائی گئیں، 11دکانیں سربمہر کی گئیں جبکہ نرخناموں کی خلاف ورزی کرنے پر 114افراد کو گرفتار کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دکانوں اور مارکیٹوں میں جا کر اشیائے خوردونوش کے نرخوں کی مانیٹرنگ کریں۔انہوں نے مزیدکہا کہ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پھل اور سبزی منڈی میں جا کر سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کی بھی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں۔نیز نرخنامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کرائے جائیں تاکہ صارفین کو خریداری میں دشواری کا سامنا نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمہ کے لئے موثر انداز میں کام کریں۔انہوں نے کہا کہ گراں فروشوں و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائیوں کا تسلسل جاری رکھا جائے اور نرخناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔