پرائس کنٹرول مجسٹریٹ قاضی محمد نعیم نے احترامِ رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی پر تین ہوٹلوں کو سیل کر دیا
کارروائی کے دوران یہ ہوٹل مقررہ اوقات کی پابندی نہ کرنے اور کھلے عام کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے۔
احمد پور شرقیہ:ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشوں اور احترامِ رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا۔ اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے تحصیل احمد پور شرقیہ میں مختلف مقامات پر اچانک چھاپے مارے اور قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں کیں۔
تفصیلات کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹ قاضی محمد نعیم نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے احترامِ رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی پر تین ہوٹلوں کو سیل کر دیا۔ کارروائی کے دوران یہ ہوٹل مقررہ اوقات کی پابندی نہ کرنے اور کھلے عام کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے موقع پر موجود افراد کو تنبیہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ مقدس مہینے میں قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی اور مذہبی تقدس کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور احترامِ رمضان قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے ہوٹل مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ احترامِ رمضان آرڈیننس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام کے مطابق یہ کارروائیاں رمضان المبارک کے دوران تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور مذہبی تقدس کو برقرار رکھا جا سکے۔

