اشیائے خوردونوش کی مقرر کیے گئے نرخ پر فروخت کو یقینی بنایا جائے : ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ

بہاول پور:21/فروری ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی مقرر کیے گئے نرخ پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلہ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک انداز میں کام کریں۔وہ دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر فاروق قمر، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی،اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر،ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز زبیر عباسی، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعہ شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لینے ہوئے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے فعال انداز میں کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دکانوں اور مارکیٹس میں باقاعدگی سے جاکر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں اور کوالٹی چیک کریں۔خلاف ورزی پانے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیں تاکہ صارفین کو خریداری کرتے وقت دشواری کا سامنا نہ ہو۔سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد عظیم ذیشان نے یکم فروری 2023ء سے 21 فروری تک پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس دوران پرائیس کنٹرول مجسٹریٹس نے 10076 دکانوں، ریڑھیوں، مارکیٹس اور دیگر کاروباری مراکز میں جاکر اشیائے خوردونوش کے نرخ چیک کیے۔ اس دوران خلاف ورزی پانے پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے موقع پر ہی مجموعی طور پر 17 لاکھ 36 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ 26 دکانداروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کرائی گئیں جبکہ 34 دکانیں سربمہرکی گئیں اور 106 افراد کو گرفتارکیا گیا۔اجلاس میں آٹا کی سیل پوائنٹس پر دستیابی اور مقرر کئے گئے نرخ کے مطابق فروخت کا جائزہ لیا گیا۔