پریس کلب احمد پور شرقیہ کی تالا بندی: صحافتی برادری کیلئے لمحہ فکریہ
اداریہ —– 30 ستمبر 2025
پریس کلب احمد پور شرقیہ کی حالیہ تالا بندی صحافتی برادری کے لئے ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ دو گروپوں کے درمیان محاذ آرائی اس حد تک بڑھ گئی کہ پولیس کو مداخلت کر کے پریس کلب کو سیل کرنا پڑا۔ یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ دوسری مرتبہ ہے کہ 2019ء کے بعد پریس کلب کو بند کیا گیا ہے، جس سے ادارے کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
احمد پور یونین آف جرنلسٹس نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اس تنازع میں غیر جانبدار رہے گی، تاہم اب یہ معاملہ محض صحافیوں کے ہاتھوں میں نہیں رہا۔ اس صورتحال میں ضروری ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر اور سرکل پولیس چیف محمود اکبر بزدار فوری طور پر مداخلت کریں اور پریس کلب کے دونوں گروپوں کے متوازی صدور اور ان کے قائدین کو مذاکرات کی میز پر بلائیں۔
ذاتی ضد اور گروہی مفاد کو بالائے طاق رکھ کر اجتماعی صحافتی اقدار کو فروغ دینا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ پریس کلب صحافیوں کا مرکزِ اتحاد ہونا چاہئے، نہ کہ تنازعات کا اکھاڑہ۔ اگر یہ بحران حل نہ کیا گیا تو علاقائی صحافت اپنے وقار اور مؤثر کردار سے محروم ہو جائے گی۔

