ٹرمپ نے ایران سے ممکنہ جنگ بندی معاہدے کی شرائط مزید سخت کر دیں: نیو یارک ٹائمز
امریکا کی جانب سے نئی تجاویز تہران کو بھجوا دی گئیں ، ایران جنگ کے خاتمے کے فریم ورک پر نظرثانی شدہ امریکی تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے۔
نیویارک :صدر ٹرمپ نے ایران سے ممکنہ جنگ بندی معاہدے کی شرائط مزید سخت کر دیں۔ امریکی جریدے نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکا کی جانب سے نئی تجاویز تہران کو بھجوا دی گئیں ، ایران جنگ کے خاتمے کے فریم ورک پر نظرثانی شدہ امریکی تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی حکام کا کہنا تھا معاہدے کے متن میں کی گئی تبدیلیوں کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں، ٹرمپ کو ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی سے متعلق شقوں پر شدید تحفظات ہیں۔ صدر ٹرمپ نے ایران کو دی جانے والی مالی رعایتوں پر سخت موقف اختیار کر لیا، ایران کی جانب سے امریکی تجاویز پر تاخیر سے جواب دینے پر وہ سخت ناراض ہیں۔ امریکی جریدہ میں مزید کہا تھا کہ نئی اور سخت امریکی تجاویز کا مقصد ایران پر فوری فیصلہ کرنے کے لیے دباؤ بڑھانا ہے، مجوزہ فریم ورک پہلے ہی ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو منظوری کیلئے بھیجا جا چکا، سپریم لیڈر تک رسائی میں مشکلات کے باعث معاہدے پر پیش رفت مزید تاخیر ہوسکتی ہے۔

