اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپکس میں ریکارڈ کارکردگی پر ہلال امتیاز عطا کرنے کی ہدایت دے دی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق صدر مملکت ارشد ندیم کو کھیل کے میدان نمایاں خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ عطا کریں گے۔ صدر مملکت کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ عطا کرنے کیلئے کابینہ ڈویژن کو خط ارسال کردیا۔ صدر مملکت نے خط میں کہا ہے کہ ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے کھیل کے میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، ارشد ندیم کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کیلئے فخر کا باعث بنی، ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ارشد ندیم کو سول ایوارڈ آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت عطا کریں گے، آئین کے تحت صدر مملکت مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے شہریوں کو اعزاز عطا کرنے کا حق رکھتے ہیں۔