Advertisements

مخدوم سید علی حسن گیلانی مرحوم نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد درگاہ حضرت غوث بندگی کے احاطے میں سپرد خاک

Late PPP leader Makhdoom Syed Ali Hassan Gilani funeral prayer at Uchsharif
Advertisements


مخدوم سید علی حسن گیلانی کی نماز جنازہ غوث الاعظم گراؤنڈ میں سابق وفاقی وزیر صاحب زادہ سید حامد سعید کاظمی نے پڑھائی، جس میں  نواب بہاول عباس خان عباسی , سجادہ نشین درگاہ قادریہ عالیہ مخدوم سید افتخار حسن گیلانی، ایم این اے مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی، ایم پی اے سید  عامر علی شاہ   ، ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق، ڈی پی او بہاول پور اسد سرفراز خان سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، بیوروکریٹس اور عام شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) اوچ شریف ایکسپریس وے پر اندوہناک ٹریفک حادثہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم سید علی حسن گیلانی کی گاڑی موڑ کاٹتے ہوئے سڑک کنارے کھڑے ڈالے سے ٹکرا گئی، اپنے ڈرائیور سمیت موقع پر جاں بحق، تین ساتھی شدید زخمی، الم ناک حادثے سے شہر کی فضا سوگوار، تمام مارکیٹیں بند، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت،

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف ایکسپریس وے پر نبی پور کے قریب فارچونر گاڑی  سڑک کنارے کھڑے جانوروں سے لدے منی شہزور ڈالے  سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پاکستان پیپلز پارٹی بہاول پور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم سید علی حسن گیلانی اپنے ڈرائیور سمیت موقع پر جاں بحق ہو گئے جب کہ تین افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو اہل کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا ، ریسکیو زرائع کے مطابق سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رات تقریباً تین بجے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اوچ شریف جا رہے تھے، دوسرے جاں بحق شخص کی شناخت دنیا پور کے اکبر خان ولد فیض خان کے نام سے ہوئی، جب کہ زخمیوں میں میاں سلطان ولد میاں حسن سکنہ میاں شیخ شجرہ، حنیف ولد رحیم بخش سکنہ موضع بکھو عاربی، جند وڈا ولد گل محمد شامل ہیں

Advertisements

ٹریفک کے الم ناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے پچاس سالہ مخدوم سید علی حسن گیلانی سجادہ نشین درگاہ قادریہ عالیہ و سابق رکن مغربی پاکستان اسمبلی مخدوم الملک مخدوم سید حامد محمد شمس الدین گیلانی کے پوتے، موجودہ سجادہ نشین و سینئر پارلیمنٹرین مخدوم سید افتخار حسن گیلانی کے بھتیجے، ایم این اے مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی کے سوتیلے بھائی ، ایم پی اے حلقہ پی پی 250 سید عامر علی شاہ کے کزن اور سابق چیئرمین ضلع کونسل بہاول پور شیخ دلشاد احمد کے داماد تھے، وہ خود بھی 2002ء اور 2013ء کے عام انتخابات میں ایم این اے منتخب ہو چکے تھے، جب کہ ان کے والد مخدوم سید مختار حسن گیلانی کی وفات بھی ایک حادثے میں ہوئی تھی۔ مخدوم سید علی حسن گیلانی کی ٹریفک حادثہ میں ناگہانی موت کی خبر جنگل میں آگ کی طرح آناً فاناً پورے ضلع بہاول پور میں پھیل گئی، ان کے آبائی شہر اوچ شریف کی فضا میں سوگواریت چھائی رہی جب کہ مقامی انجمن تاجران کی اپیل پر پورے شہر میں مارکیٹیں اور کاروبار بند رہے

مخدوم سید علی حسن گیلانی کی نماز جنازہ اتوار کی سہ پہر اوچ شریف کے غوث الاعظم گراؤنڈ میں سابق وفاقی وزیر صاحب زادہ سید حامد سعید کاظمی نے پڑھائی، جس میں  نواب بہاول عباس خان عباسی , سجادہ نشین درگاہ قادریہ عالیہ و سینئر پارلیمنٹرین مخدوم سید افتخار حسن گیلانی، ایم این اے مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی، ایم پی اے  سید  عامرعلی شاہ،  ، ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق، ڈی پی او بہاول پور اسد سرفراز خان سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، بیوروکریٹس اور عام شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی، مخدوم سید  حسن گیلانی کو درگاہ حضرت غوث بندگی کے احاطے میں دفن کیا گیا۔