پنجاب سے کوئی افسر ہماری اجازت کے بغیرغیر قانونی طورپر واپس نہیں جائے گا:چودھری پرویزالٰہی
لاہور21 ستمبر:وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت آج دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں پولیس کانفرنس کا انعقاد ہوا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہی نے پولیس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سے کوئی افسر ہماری اجازت کے بغیرغیر قانونی طورپر واپس نہیں جائے گا۔آئینی اورقانونی طورپر پنجاب حکومت مفادعامہ کے تحت افسران کو روک سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جی اوآر میں افسروں کے لئے رہائشی سہولتوں میں اضافہ کریں گے۔جی او آر کے بڑے گھروں اورکوٹھیوں کا رقبہ کم کرکے اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔جی او آر میں کئی کوٹھیاں 8،8کنال رقبے پر مشتمل ہیں۔8،8کنال پرمشتمل گھروں کی جگہ جدید طرز پر اپارٹمنٹس کی تعمیر سے متعدد افسران کی رہائشی ضرورت پوری ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 150پولیس پٹرولنگ پوسٹیں بنائیں گے۔کچے کے علاقے میں سپیشل فورس کوتنخواہ کا خصوصی پیکیج دیں گے۔کچے کے علاقے میں بنکرقائم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلٹ پروف گاڑیاں اورآرمڈ،بلٹ پروف جیکٹس اورٹریکر والی خصوصی گاڑیاں فراہم کریں گے۔ہماری طرف سے پولیس کو سپورٹ اورٹھنڈی ہوا آئے گی،ٹھنڈی ہوا نیچے عوام تک جانی چاہیے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی عام آدمی کو تھانے میں فوری انصاف ملناچاہیے۔پولیس کا فرض ہے کہ وہ تھانے آنے والے ہر سائل کی بلاتفریق دادرسی کرے۔جب عام آدمی کا رویہ پولیس کے بارے میں بدلے گاتب ہی تھانہ کلچر بھی تبدیل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر اوردادرسی کیلئے عوام کو باربار تھانے جانے کی ضرورت پیش نہیں آنی چاہیے۔ایف آئی آر قانون کے مطابق مضبوط ہونی چاہیے۔انوسٹی گیشن کے عمل کو بہتر اورموثر بنایا جائے تاکہ مجرم سزا سے بچ نہ سکے۔لاڈگری والے پولیس افسروں کو انوسٹی گیشن افسر بنایا جائے گا۔پولیس کا کمزور انوسٹی گیشن کی وجہ سے کیس ہارنا سبکی کا باعث بنتا ہے۔)
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی معاونت کے لئے پٹرولنگ پولیس پوسٹیں قائم کیں۔ پولیس کے دیگر ایشوز بھی حل کریں گے۔پولیس کیلئے گاڑیاں دے رہے ہیں۔مانیٹرنگ کیلئے ایف آئی آر کی تین کاپیاں سی ایم مانیٹرنگ سیل،متعلقہ ڈی آئی جی ا ورایس ایس پی کو بھجی جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا فرض ہے کہ وہ سائل کی خدمت کرے اورسائل کواب تھانے میں واضح فرق نظر آنا چاہیے۔کچے کے علاقے کیلئے آرمی کے ریٹائرڈ کمانڈوپر مشتمل فورس قائم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔محرم الحرم کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے بہترین کارکردگی پر پولیس افسروں اورملازمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہحضرت امام حسین ؓ اورشہدائے کربلا کے چہلم کے دوران امن عامہ کے انتظامات کی میں نے خود مانیٹرنگ کی۔وزیراعلیٰ پنجاب اورسپیکر پنجاب اسمبلی کی حیثیت سے ہمیشہ افسروں اورملازمین سے نرم رویہ اختیار رکھا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے جرائم پیشہ عناصر اورگینگز کے خلاف موثر کارروائی پر رحیم یار خان اورراجن پورکے ڈی پی اوز کو شاباش دی۔صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے کہا کہ پولیس افسروں واہلکار وں کوگھرکے لئے آسان شرائط پرقرض دینے کی تجویز پر غور کیا جائے۔انسپکٹرجنرل پولیس فیصل شاہکار نے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے پہلے بھی پولیس کے مسائل حل کیے اوراب بھی پولیس کی ویلفیئر کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔اے آئی جی ساؤتھ پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے اعتماد پر پورا اتریں گے اورڈلیور کر کے دکھائیں گے۔سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے پولیس کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی، انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اسد اللہ خان، ایڈیشنل آئی جیز،ڈی آئی جیز، آر پی اوز اور سی سی پی او لاہور نے کانفرنس میں شرکت کی جبکہ پنجاب کے تمام سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شریک ہوئے۔پولیس افسران نے امن وامان کی صورتحال کی بہتری کیلئے تجاویز دیں۔