این اے 168 بہاولپور کا ضمنی انتخاب تمام 292 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کےمطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ نے 79306 ووٹ لیکر میدان مارلیا
آزاد امیدوارچوہدری ولی داد چیمہ 42623 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے, مسلم لیگ (ن) (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ نے برتری 36683 ووٹوں کی برتری حاصل کی
*بہاول پور(ملک طارق )* بہاو ل پور کے حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ضمنی الیکشن میں تمام 292 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ نے 79306 ووٹ لیکر میدان مارلیا جبکہ آزاد امیدوارچوہدری ولی داد چیمہ 42623 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے -مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ نے 36683 ووٹوں کی برتری حاصل کی – مجموعی طور پرشہری علاقوں ٹرن آوٹ بہت کم رہا جبکہ دیہی علاقوں میں ٹرن آوٹ 30سے 40 فیصد رہا،حلقے میں کل 4 لاکھ 83 ہزار 143 رجسٹرڈ ووٹرز تھے۔رجسٹرڈ ووٹرز میں 2 لاکھ 48 ہزار 529 مرد اور 2 لاکھ 34 ہزار 614 خواتین شامل تھے۔حلقے میں مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جن میں 130 مردانہ، 130 زنانہ اور 32 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں ۔ضمنی انتخاب کے لیے 307 پریذائیڈنگ افسران جبکہ 941 پولنگ افسران اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران تعینات کیے گئے تھے
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پرامن اور شفاف ماحول میں جاری رہا۔ پولنگ کے اختتام پر پولنگ اسٹیشنز کے دروازے بند کر دیے گئے، تاہم احاطے میں موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کا موقع دیا گیا۔
آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کی ہدایت پر پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے حلقہ بھر کے 292 پولنگ اسٹیشنز پر 3022 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات رہے، جنہوں نے غیر جانبداری اور مستعدی سے اپنے فرائض سرانجام دیے۔بہاول پورپولیس کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز کے اطراف گشت، ناکہ بندی اور کڑی نگرانی کی گئی جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ریزرو نفری اور فوری رسپانس ٹیمیں بھی الرٹ رہیں۔پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن رہا اور شہریوں نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا

