Contact Us

آذربائیجان کے ساتھ ایل این جی معاہدے سے باہمی تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی ، ملک میں سستی ایل این جی میسر آئے گی ، وزیر اعظم شہباز شریف

PM Shehbaz speech regarding Pakistan and Azerbaijan agreement in the petroleum industry

لاہور۔ 24 جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،آذربائیجان اورپاکستان کے درمیان ایل این جی معاہدے سے باہمی تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی،دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کے حوالے سے آج ایک اہم دن ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین پٹرولیم کی صنعت میں تعاون کے معاہدے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ آج کا دن دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کے حوالے سے ایک اہم دن ہے۔حکومت پاکستان آذربائیجان سے ماہانہ ایک جہاز ایل این جی خریدے گی ۔خریداری کا اختیار پاکستان کے پاس ہو گا جس سے ایل این جی نہ خریدنے پر ہرجانہ نہیں ہو گا۔اس معاہدے سے ملک میں سستی ایل این جی میسر آئے گی اور یہ انرجی کے بحران سے نمٹنے میں بہت بڑی پیش رفت ثابت ہو گی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس معاہدے کی مدت ایک سال تک ہے جس کو مزیدایک سال تک بڑھایا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اس پٹرولیم معاہدے کے حوالے سے گزشتہ سال آذربائیجان میں صدر الہام علیوف سے مفید گفتگو ہوئی تھی۔وزیرمملکت ڈاکٹر مصدق ملک ، سیکرٹری پٹرولیم اور وزیر خرانہ اسحاق ڈارا ور ان کی ٹیم نے اس معاہدے میں اپنا بھرپور کردا ر اداکیا ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں آذربائیجان کے صدر اورپاکستان میں آذربائیجان کے سفیر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ آئی ایم ایف سے معاہدے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا تاہم حکومت اس اضافہ کا بوجھ غریب آدمی پر نہیں ڈالے گی۔ 31 فیصد گھریلو صارفین کو جزوی سبسڈی دی گئی ہے ۔ بجلی کے 200 یونٹ تک کے گھریلو صارفین پر قیمت میں اضافہ کا اطلاق نہیں ہو گا۔اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر نے کہاکہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی عکاسی ہے اور دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ کے لیے اہم پیش رفت ہے ۔ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم پاکستان کے ساتھ مزید شعبوں میں تعلقات کے خواہاں ہیں۔بعد ازاں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین پٹرولیم کی صنعت میں معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن،وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک،سیکرٹری پٹرولیم ، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر ،آذر بائیجان کی پٹرولیم کمپنی کی چیف ایگزیکٹو ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Pakistan and Azerbaijan agreement in the petroleum industry

مزید پڑھیں