وزیر اعظم شہباز شریف اپنے انتخابی وعدے کے مطابق احمد پور شرقیہ کو ضلع کا درجہ دیں عارف عزیز شیخ
احمد پور شرقیہ کے عوام عرصہ دراز سے ضلع کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت اس مطالبے کو عملی جامہ پہنائے سابق ایم این اے
چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے انتخابی وعدے کے مطابق احمد پور شرقیہ کو ضلع کا درجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ جنوبی پنجاب کی ایک اہم اور وسیع تحصیل ہے، جس کی آبادی اور رقبہ کئی موجودہ اضلاع سے زیادہ ہے، اس لیے اسے ضلع بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اپنے انتخابی دوروں کے دوران احمد پور شرقیہ کو ضلع کا درجہ دلانے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کا درجہ ملنے سے مقامی آبادی کو انتظامی، عدالتی اور ترقیاتی سہولیات اپنے علاقے میں میسر آئیں گی۔ عوام کو معمولی سرکاری امور کے لیے دور دراز شہروں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے جبکہ صحت، تعلیم، ریونیو اور دیگر سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بننے سے علاقے میں ترقیاتی فنڈز میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
سابق ایم این اے نے کہا کہ احمد پور شرقیہ کے عوام عرصہ دراز سے ضلع کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت اس مطالبے کو عملی جامہ پہنائے۔ انہوں نے وزیر اعظم اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے احمد پور شرقیہ کو جلد از جلد ضلع بنانے کا اعلان کیا جائے تاکہ علاقے کی محرومیوں کا خاتمہ ہو اور ترقی کا نیا دور شروع ہو سکے۔

