اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف دورہ فرانس پرپیرس پہنچ گئے۔ پیرس ایئر پورٹ پر پاکستانی سفیر، اعلیٰ فرانسیسی حکام اور پاکستانی سفارتی حکام نے وزیرِ اعظم کا پر تپاک استقبال کیا۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف فرانس کادورہ کر رہے ہیں۔وزیرِ اعظم اپنے دورہ فرانس کے دوران گلوبل فنانسنگ پیکٹ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔فرانس کی میزبانی میں ہونے والے اس سربراہی اجلاس میں 50 سے زائد ممالک کے سربراہانِ مملکت و حکومت شرکت کر رہے ہیں۔وفاقی وزراء شیری رحمان، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیراعظم کے ہمراہ اعلی سطحی وفد میں شامل ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم فرانسیسی صدر کی جانب سے دئیے جانے والے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔وزیرِ اعظم اپنے دورے کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔