Advertisements

وزیراعظم عمران خان خلوص نیت سے ملکی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں۔ ملک عامر ڈوگر

Malik-Amir-Dogar
Advertisements

ملتان: وزیر مملکت برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان خلوص نیت سے ملکی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں۔ تحریک انصاف اپنے منشور کے مطابق درست سمت چل رہی ہے۔ حکومت کو مہنگائی‘ کرپشن سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ تمام چیلنجز پر قابو پا لیں گے۔ تمام توانائیاں ملکی ترقی پر صرف کررہے ہیں۔ جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ قوم ساتھ دے انشاء اللہ جلد اچھی خبریں دیں گے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر این اے 155 سے تعلق رکھنے والے وفود سے ملاقات اور کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہو ں نے کہا وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خلاف جہاد کررہے ہیں اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ کرپٹ اور بد عنوان عناصر ہماری حکومت کے خلاف ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا گیا۔ ماضی میں ملک میں دو قوانین ہوتے تھے امیروں کے الگ قانون اور غریبوں کیلئے الگ قانون۔ ہماری حکومت میں ایسا نہیں سب کیلئے ایک جیسا قانون جس شخص نے بھی کرپشن کی یا لاقانونیت اس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا اپوزیشن ملکی ترقی سے خائف ہے اس سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ وہ شور مچا کر ملکی ترقی کا سفر روکنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن جتنا مرضی احتجاج‘ جلوس‘ لانگ مارچ نکالے حکومت کو اس سے کوئی خطرہ نہیں۔ حکومت کی توجہ کامحور صرف اور صرف عوام اور عوامی ترقی ہے۔ عمران خان ملکی تاریخ میں واحد وزیراعظم ہیں جنہیں غریب عوام کا احساس ہے اور جن کے دل میں غریبوں کا درد ہے۔ حکومت کا احساس پروگرام ملک میں غربت کے خاتمے کیلئے ایک احسن اقدام ہے۔ اس پروگرام کے تحت ملک بھر کے لاکھوں خاندانوں کو غربت سے ریلیف ملے گا اور وہ با آسانی اپنے اور اپنے اہل خانہ کی کفالت کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا ملکی معیشت کے اشارے درست سمت جا رہے ہیں۔ معیشت بتدریج مضبوط ہو رہی ہے۔ ہماری حکومتی پالیسیوں کی بدولت انشاء اللہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا 2018ء میں عوام نے تحریک انصاف پر اعتمادکیا اورانہیں ہمیں بھر پور مینڈیٹ سے نوازا۔ انشاء اللہ ہماری کارکردگی اور پالیسیوں کی بدولت 2023ء کے انتخابات میں بھی تحریک انصاف بھر پور کامیابی حاصل کریگی۔ قبل ازیں وزیر مملکت صبح11 سے لیکر شام تک ڈوگر ہاؤس میں موجود رہے جہاں انہوں نے سینکڑوں افراد کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔