Advertisements

وزیراعظم نے یوتھ لون سکیم کے قرضوں کی حد بڑھا کر اڑھائی کروڑ روپے کر دی

PM Shahbaz Sharif
Advertisements

قرضوں کے پروگرام میں خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں جبکہ قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر 21 سال سے کم کرکے 18 سال کر دی جائے شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم اور یوتھ ایگریکلچر لون سکیم کے تحت نوجوانوں کے لیے قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کرنے کا اعلان کر دیا، قرضے آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں دونوں سکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اور عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

Advertisements

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ قرضوں کے پروگرام میں خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں جبکہ قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر 21 سال سے کم کرکے 18 سال کر دی جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جو گزشتہ 10 سال کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ ہیں۔ اس دوران مجموعی طور پر 313 ارب 90 کروڑ روپے کے قرضے دیے گئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2026-27 کے دوران 2 لاکھ 66 ہزار 700 نوجوانوں کو 292 ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے کا تخمینہ ہے۔

وزیراعظم نے سمیڈا کو نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز، رہنمائی، مشاورت اور تکنیکی معاونت سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو سکیموں سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم چلانے کا بھی حکم دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، حکومت انہیں بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور باعزت و پیداواری روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان رانا مشہود احمد خان اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی نے شرکت کی۔