وزیراعظم کی فورسز کی جانب خیبر پختونخوا میں تین مختلف مقامات پر دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن کی پذیرائی
اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم شہبازشریف نے خیبر پختونخوا میں تین مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر افسروں اور اہلکاروں کی پذیرائی کی۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے مہمند، ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرستان میں بہادری سے لڑتے ہوئے 5 خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ وزیراعظم نے مہمند میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے صوابی سے تعلق رکھنے والے پولیس کانسٹیبل ابرار حسین کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا، شہید کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن نے یہ ثابت کیا کہ دہشتگرد وطن کے دفاع کیلئے پرعزم افسروں اور جوانوں سے بچ نہیں سکتے، دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل طور پر خاتمے تک پاکستانی قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم سکیورٹی فورسز کے دفاع وطن کیلئے غیر متزلزل عزم پر انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے