چنی گوٹھ کی غیر فعال غلہ منڈی کی حالت زار

چنی گوٹھ (نامہ نگار)چنی گوٹھ میں چالیس سال گزرنے کے بعد بھی غلہ منڈی فعال نہ ہو سکی۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ چنی گوٹھ نیشنل ہائی وے پر تقریباً چالیس سال قبل غلہ منڈی کی تعمیر کے لئے زمین مختص کی گئی تھی۔ غلہ منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کے دفتر کے لئے بلڈنگ بھی تعمیر کی گئی تھی۔ چنی گوٹھ کا علاقہ گڑ تیاری میں اہم مقام رکھتا ہے اور کاشتکاروں کو اپنا گڑ فروخت کرنے کےلئے پچیس کلومیٹر دور لیاقت پور کی غلہ منڈی میں لے جانا پڑتا ہے جس پر وقت کے ساتھ ساتھ اخراجات بھی بہت زیادہ آتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ غلہ منڈی چنی گوٹھ میں اکثر پلاٹ فروخت کر دیئے گئے تھے مگر اس کے باوجود غلہ منڈی کی تعمیر آج تک شروع نہیں ہو سکی۔ جبکہ مارکیٹ کمیٹی کے دفتر کی کھڑکیاں اور دروازے بھی لوگ اکھاڑ کر لے گئے ہیں۔ کاشتکاروں نے بتایا کہ غلہ منڈی چنی گوٹھ کو اگر فعال کر دیا جائے تو یہ کاشتکاروں کی سہولت کے ساتھ ساتھ حکومت کی آمدنی میں بھی ٹیکسز کی مد میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ چنی گوٹھ اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے کاشتکاروں نے حکومت پنجاب سے غلہ منڈی کو فوری طور پر فعال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔