پرویز الٰہی سے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی سربراہی میں وفد کی ملاقات
لاہور12اکتوبر: -وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے آج وزیراعلیٰ آفس میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے رابطہ عالم اسلامی کے وفدکا وزیراعلیٰ آفس آمد پرپرُ تپاک خیر مقدم کیا۔سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعیداحمد المالکی، عبدالرحمان خلیل الخدیدی، عبدالوہاب محمد عبدالعزیز الشہری، خالد مفرح الوتیابی،محمد سعید الغامدی،سعید الحارثی اوردیگر شخصیات وفد میں شامل تھیں۔سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی دین کے حوالے سے خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہآپ نے نکاح نامے میں ختم نبوتؐ کے حلف کو لازمی قراردینے کیلئے قانون سازی کر کے تاریخی اقدام کیاہے۔آپ کی سربراہی میں پنجاب حکومت کے دین کے حوالے سے مبارک اقدامات قابل تعریف ہیں۔ آپ نے دین اسلام کے حوالے سے گراں قدر کام کیاہے اوراللہ تعالیٰ آپ کو اس نیک کام کا صلہ دے گا،آپ جو کار خیر کررہے ہیں اس کی توفیق اللہ تعالیٰ نے آپ کو دی ہے۔ ہم دینی خدمات کے حوالے سے آپ کی خصوصی دلچسپی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہمارا پورا تعاون آپ کے ساتھ ہے اور رہے گا۔شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اور وفد کے دیگر ارکان نے پنجاب میں شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز ا لٰہی نے دین کے حوالے سے پنجاب میں کی گئی قانون سازی اور اقدامات کے بارے میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ محمد بن عبدالکریم العیسی اور وفد کو آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ رابطہ عالم اسلامی کی مسلم امہ کیلئے خدمات قابل قدر ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مثالی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہر پاکستانی سعودی عرب کو اپنادوسرا گھر سمجھتاہے اورہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ سعودی عرب آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہاہے۔حالیہ سیلاب کے دوران بھی سعودی حکومت اور سعودی بھائیوں کی طرف سے امداد کو ہر پاکستانی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ہم حکومت پنجاب اورعوام کی طرف سے اہل سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے مجھے قرآن بورڈ اور سیرت اکیڈمی قائم کرنے کی توفیق عطا فرمائی۔ خاتم النبینؐ سے متعلق شق نکاح نامے میں شامل کی۔ نکاح کے وقت اب ختم نبوتؐ کا حلف دینا لازمی ہے جس کی بدولت اب ہماری بچیوں کا مستقبل محفوظ ہے، انشاء اللہ آئندہ کسی بچی اور خاندان کے ساتھ دھوکہ نہیں ہوسکے گا۔انہوں نے کہاکہ علماء بورڈ میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کو شامل کیا ہے اور علماء کرام کی مشاورت سے صوبے میں مذہبی منافرت پر مبنی مواد اور کتب کی اشاعت اور فروخت پر پابندی عائد کی ہے اورتمام متنازعہ لٹریچر کو ضبط کیا گیا ہے۔ہم نے اس ضمن میں قانون سازی بھی کی ہے۔انہوں نے کہاکہ سکول کے طلبہ کے لئے ناظرہ قرآن مجید اور ترجمہ لازمی قرار دینے کی سعادت بھی عطا فرمائی۔ پنجاب کے تمام سرکاری دفاتر میں قرآنی آیات کے فریم آویزاں کئے گئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی عمارت میں خوبصورت انداز سے آیات ختم نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جگمگا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ رابطہ عالم اسلامی بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے شاندار کاوشیں سرانجام دے رہی ہیں۔ دین کی خدمت کاسلسلہ جاری وساری رکھیں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان،صوبائی وزیر میاں محمود الرشید،راسخ ا لٰہی،ایم پی اے حافظ عمار یاسر، چیئرمین پنجاب قرآن بورڈوجنرل سیکرٹری وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری، جامعہ اشرفیہ کے مفتی احمد علی، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان، سیکرٹریز اوقاف،اطلاعات او ر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔