گرنے پر میری پانچ پسلیاں ٹوٹی ہیں، اللہ تعالی نے میری جان بچائی ہے، اللہ تعالیٰ نے میری جان کسی مقصد کے لئے بچائی ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی کے صاحبزادے کی شادی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو
لاہور: صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی نے ڈھیل اور ڈیل کا طعنہ دینے والوں کو دبنگ جواب دے دیا۔ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی کے صاحبزادے کی شادی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ رہائی کے بعد پہلا موقع ہے کہ میں باہر آیا ہوں، ڈیل اور ڈھیل کی باتیں کرنے والے سن لیں سوا سال جیل میں رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے کچھ رشتہ دار اور محسن نقوی ایسی غلط باتیں کررہے ہیں، گرنے پر میری پانچ پسلیاں ٹوٹی ہیں، اللہ تعالی نے میری جان بچائی ہے، اللہ تعالیٰ نے میری جان کسی مقصد کے لئے بچائی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پہلے بھی عمران خان کے ساتھ تھا اور آئندہ بھی ان کے ساتھ رہنا ہے، ڈیل اور ڈھیل کی باتیں کرنے والوں کی یہ غلط فہمی ہے وہ اپنا منہ بند رکھیں، نہ عمران خان پیچھے ہٹے ہیں نہ میں پیچھے ہٹوں گا۔ صدر تحریک انصاف نے کہا کہ ہم جیل میں ایک دوسرے سے باتیں کرتے رہے ہیں، وہ باتیں جلد رنگ لائیں گی، تحریک انصاف جلد اقتدار میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک گجرات کی سیٹوں کی بات ہے، مینڈیٹ چوری کرنے والے گجرات کے لوگوں سے پہلے معافی مانگیں، جب تک معافی نہیں مانگتے کوئی بات نہیں ہوگی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آج میں سرخرو ہوا ہوں، پرانے ساتھیوں سے مل کر خوشی ہو رہی ہے، آئندہ بھی ایسے ہی رہیں گے