Advertisements

ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی زیر صدارت اجلاس میں 18 ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کے سلسلہ میں قائم مختلف کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ

Performance Evaluation Meeting For 18th International Cholistan Desert Rally
Advertisements

بہاول پور11/جنوری: ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں 18 ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کے سلسلہ میں قائم مختلف کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز انجم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم صادق چیمہ، اسسٹنٹ کمشنرسٹی ڈاکٹر انعم فاطمہ، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر فیصل احمد، فوروہیل کلب سے چوہدری محمود مجید، ریجنل منیجر ٹی ڈی سی پی طارق ربانی، صدر چیمبر آف کامرس چوہدری ذوالفقار احمد مان، صدر ا نجمن تاجران حافظ محمد یونس، میر جمال، چیف آفیسر ضلع کونسل میاں اظہر جاوید، ڈائریکٹر آرٹ کونسل محمد سجاد، ایس ڈی او چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی امتیاز لاشاری، ڈویژنل سپورٹس آفیسر عامرحمید، ڈائریکٹر لائیو سٹاک سبطین بخاری، انچارج سکیورٹی برانچ محسن سردار، ڈی ایس پی ٹریفک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور ویڈیو لنک کے ذریعہ اسسٹنٹ کمشنر احمد پورشرقیہ اوراسسٹنٹ کمشنر یزمان موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے تمام انتظامات شاندار انداز میں مکمل کیے جائیں او ر تمام ایونٹ مقررہ تاریخ اور اوقات میں منعقد کیے جائیں۔ اجلاس میں مینجمنٹ کمیٹی، ایونٹ کمیٹی، ٹائم مینجمنٹ کمیٹی، رجسٹریشن وہیکل کمیٹی، میڈیکل ایمرجنسی کمیٹی، پارکنگ کمیٹی، وہیکل ریکوری کمیٹی، روٹ فارمیشن کمیٹی، فوڈ سٹریٹ کمیٹی، روٹ میپ کمیٹی اور سپورٹس کمیٹی اور دیگر کمیٹیوں کی جانب سے اب تک کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے لیے قائم کی گئی کمیٹیوں کے ارکان فعال انداز میں کام کریں اور تمام امور بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور ڈیزرٹ ریلی کے موقع پرٹریفک مینجمنٹ اور  پارکنگ کے بہتر انتظامات کیے جائیں تاکہ ڈیرزٹ ریلی میں آنے والے افراد کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنانہ ہو۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ18 ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی 6 فروری سے12فروری تک منعقد ہوگی۔ ڈیزرٹ ریلی کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پربتایا گیا کہ اسلامیہ یونیورسٹی، چیمبر آف کامرس اور آرٹس کونسل کی جانب سے ہینڈی کرافٹ بازار اور دیگر سٹالز لگائے جائیں گے اور چولستان کے ساتھ ساتھ اندرون فرید گیٹ، بہاول پور بکنیری فوڈ سٹریٹ قائم کی جائے گی۔ اسی طرح مختلف سپورٹس سرگرمیاں منعقد ہوں گی جن میں کرکٹ، ہاکی،والی بال، کبڈی، تیکوانڈو، پیراگلائیڈنگ اور دیگر سپورٹس شامل ہیں۔