اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کی شبانہ روز محنت کے باعث یوم عاشور پرامن رہا:محسن نقوی
پنجاب بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ پرامن ماحول میں مجالس اور جلوس منعقد ہوئے
امن کمیٹیوں کے عہدیداران نے بھی عاشورہ محرم الحرام کے دوران بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے موثر کردار ادا کیا
لاہور30جولائی:نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کی شبانہ روز محنت کے باعث ایام محرم الحرام خصوصا یوم عاشور پرامن گزرا- سکیورٹی اورامن عامہ کیلئے فول پروف انتظامات پر صوبائی وزراء، انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دیتا ہوں – بخیر وعافیت اور پرامن طریقے سے عشرہ محرم الحرام کے اختتام پذیر ہونے پر اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ پرامن ماحول میں مجالس اور جلوس منعقد ہوئے۔بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں علماء کرام کا کردار قابل ستائش رہا۔قیام امن کیلئے تمام مکاتب کے فکر کے علماء کرام کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مل کریوم عاشور پر امن وامان کی فضا کو برقرار رکھا۔ لاہور سمیت پنجاب کے ہر شہر میں عزاداروں کے لئے بہترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے۔امن کمیٹیوں کے عہدیداران نے بھی عاشورہ محرم الحرام کے دوران بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے موثر کردار ادا کیا۔