حملے کے بارے میں برطانوی حکام بالا کو آگاہ کر دیا گیا ہے, ایسے اقدامات سے برطانیہ کے اندر پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔ ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل
لندن : قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ کے معاملے پر پاکستان ہائی کمیشن نے حملہ آوروں کے خلاف شکایت درج کروا دی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ہائی کمشنر نے صحافیوں کا معاملہ متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے کی تصدیق کر دی، سکاٹ لینڈ یارڈ میں نو افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائےگا۔ ذرائع نے بتایا کہ سکاٹ لینڈ یارڈ کو اندراج مقدمہ کی درخواست سفارتی اختیارات کے ذریعے درج کروائی، قاضی فائز عیسیٰ پر حملے کے دوران پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔
دوسری جانب ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے صحافیوں سے گفتگو میں معاملہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ افسوسناک ہے، ہم اس معاملے کو ملکی سطح پر اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی گاڑی پر گزشتہ روز ہونے والے حملے کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں، حملے کے بارے میں برطانوی حکام بالا کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے برطانیہ کے اندر پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانیہ میں تعینات ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے ٹیلفونگ رابطہ کیا اورکل کی صورت حال کا جائزہ لیا