معدنیات کی تلاش: امریکی کمپنی کا 50 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد : پاکستان میں معدنیات تلاش کرنے کی کوششیں تیز، امریکی کمپنی کے پاکستان کیساتھ مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کر دیئے۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق یو ایس سٹریٹجک میٹلز نے معدنیات کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی، اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔
یہ کمپنی کریٹیکل منرلز اور اہم معدنیات کے استعمال پر کام کرتی ہے، ان معدنیات کو امریکی محکمہ توانائی نے جدید مینوفیکچرنگ میں اہمیت کا حامل قرار دیا ہے، پاکستان میں معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں مزید معاہدوں کیلئے بھی پُرامید ہیں۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق امریکی کمپنیوں نے پاکستان میں کان کنی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ امریکی وفد کو پاکستان میں تانبے، سونے اور دیگر معدنیات کے ذخائر کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور اس موقع پر دو اہم ایم او یوز پر دستخط کیے گئے، معدنیات اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا۔
فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور ایک امریکی کمپنی کے درمیان کریٹیکل منرلز سے متعلق ایک تاریخی معاہدہ طے پایا، جس کے ابتدائی مرحلے میں 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق، پاکستان سے اینٹیمونی، تانبا، سونا اور ٹنگسٹن برآمد کیا جائے گا جبکہ امریکی کمپنی پاکستان میں ایک جدید پولی میٹلک ریفائنری قائم کرے گی۔ اس معاہدے کو روزگار کے مواقع، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پائیدار ترقی کا ضامن قرار دیا گیا ہے۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ این ایل سی اور ایک دوسری امریکی کمپنی کے درمیان لاجسٹکس اور تعمیرات کے شعبے میں ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں، امریکی کمپنی پاکستان میں طویل المدتی شراکت داری کی خواہش مند ہے۔ وفد کا یہ دورہ اور ہونے والے معاہدے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کی ایک نئی مثال کے طور پر سامنے آئے ہیں