پاکستان کا ٹی 20 ورلڈکپ میں فاتحانہ آغاز، نیدر لینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست
کولمبو میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدر لینڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کولمبو: پاکستان نے کولمبو میں ٹی 20 ورلڈکپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کولمبو میں کھیلے جا رہے میچ میں نیدر لینڈ کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 27 رنز پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا بھی 53 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے،
صاحبزادہ فرحان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہوگئے، دونوں کو پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا، اگلے ہی اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آؤٹ کر لیا۔ محمد نواز 13 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو ورلڈکپ میں پہلی فتح سے ہمکنار کرایا۔
قبل ازیں کولمبو میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدر لینڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیدرلینڈز کی جانب سے مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا، پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی میکس اوڈووڈ تھے جو 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ نیدر لینڈز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیوٹ تھے جو محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے، مائیکل لیوٹ نے 24 رنز اسکور کیے، تیسرے آؤٹ ہونے والے ڈچ کھلاڑی ایکرمین تھے جو 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈاس ڈی لیڈ 30 رنز بنا کر محمد نواز کا دوسرا شکار بنے

