پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ختم کرنےکا اعلان

Pakistan Media Development Authority announced

اسلام آباد: حکومت نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی(پی ایم ڈی آر اے) کے قیام کو فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے اعلان کیا کہ ہم پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کر رہے ہیں جبکہ پیکا ایکٹ پر بھی نظر ثانی کی جائے گی، آزادی اظہار رائے پر کسی بھی طرح کی پابندی عائد نہیں کی جائے گی، ہم کسی قسم کا انتقام لیں گے نہ لینا چاہتے ہیں، قانونی طور پر جو قصوروار ہوگا اس کے لیے قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آزادی اظہار رائے ہر شخص کا بنیادی حق ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر میڈیا سے متعلق مسائل حل کریں گے،  فیک نیوز پر بھی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات کریں گے،  میڈیا سے متعلقہ اہم مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ  رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ ہمارے پچھلے دور میں منظور ہوا تھا، اس پر کمیشن قائم کریں گے تاکہ وہ اپنا کام شروع کر سکے، تنقید دل سے قبول کریں گے، جس وقت نواز شریف وزیراعظم تھے، اس وقت پاناما لیکس کے حوالے سے ٹاک شوز  ہوئے تھے، پیمرا نے ایک بھی نوٹس جاری نہیں کیا تھا، دس سال شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب رہے، میڈیا پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو ہراساں کرنے کی کسی کو اجازت نہیں، پچھلے چار سال میڈیا نے سینسر شپ اور اظہار رائے کی آزادی کی جہدوجہد کی، سینیئر صحافیوں ابصار عالم، مطیع اللہ جان، حامد میر اور اسد طور پر فائرنگ کے واقعات ہوئے،کئی صحافیوں کے ٹی وی چینلز پر پروگرام بند کرائے گئے،  ایسے تمام صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہوں، معاشرے کے اندر اظہار رائے کی آزادی رہے گی تو حکومت کو تقویت ملے گی

مزید پڑھیں