ترکیے اور چین ہمارے دوست ممالک ہیں لیکن جنگ پاکستان نے خود لڑی: وزیردفاع

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ترکیے اور چین پاکستان کے دوست ممالک ہیں لیکن جنگ پاکستان نے خود لڑی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ بھارت کو جنگ میں پاکستان سے شکست ہوئی، بھارت کے دعوے مٹی میں مل گئے، سندور اجڑگیا۔ انہوں کہاکہ ہمیں پوری دنیا کی سپورٹ ملی تھی، بھارت کے ساتھ صرف اسرائیل کھڑا تھا، بھارت کی طرف سے بیانات اپنے عوام کو مطمئن کرنے کیلئے ہیں اور ایسے بیانات بھارت کی سفارتی محاذ پربھی شکست کا نتیجہ ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فتح بالکل واضح تھی، کوئی شک نہیں پاکستان کی افواج نے جنگ میں اپنا لوہا منوایا، ترکیے اور چین ہمارے دوست ممالک ہیں لیکن جنگ ہم نے خود لڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ترکیے اور چین کی حمایت حاصل تھی،دفاعی سازو مان خریدتے ہیں، جن سے ہم اسلحہ لیتے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ لڑائی میں شامل تھے، ہم امریکا سے بھی اسلحہ لیتے ہیں، ہوسکتا ہے وہ بھی شامل ہو۔ وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ بھارت کے پاس فرانس کے طیارے ہیں، ہمارے پاس ان کی آبدوزیں ہیں، بھارت چین اور دیگر ممالک کا نام لے رہا ہے یہ ہمارے دوست ہیں، ترکیے، سعودی عرب، ایران اور دیگر ممالک بھی ہمارے دوست ہیں، جنگ کے دوران ہمیں چین کی سفارتی حمایت حاصل تھی، اگر بھارت نے ایسا دوبارہ کچھ کیا تو ویسا ہی ہوگا پھرکہیں گے فلاں مدد کیلئے آیا۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ مودی یہاں وہاں دیکھ رہا تھا، اس کو جڑواں بھائی نیتن یاہو کے علاوہ کوئی نظر نہیں آرہا تھا، بھارت میں جھوٹ کا سیلاب آیا ہوا تھا، جیسے بالی وڈ فلم کی شوٹنگ ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج کے ڈپٹی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل راہول سنگھ نے نئی دہلی میں ایک دفاعی تقریب سے خطاب میں الزام عائد کیاتھاکہ پاک بھارت جنگ کے دوران انہیں پاکستان کے علاوہ چین اور ترکیے کا بھی سامنا تھا اور چین پاکستان کو بھارت کی عسکری تنصیبات کے حوالے سے لائیو معلومات فراہم کر رہا تھا۔