Advertisements

پاکستان کی پاک افغان سرحدی علاقے میں کارروائی، دہشتگردوں کے 7 ٹھکانے تباہ

Pakistan eliminates 7 terrorist camps in intelligence-based strikes along Afghan border
Advertisements

اسلام آباد: افغان طالبان کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے جواب میں پاکستان نے پاک افغان سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے 7 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے ملیا میٹ کر دیا۔۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود دہشتگرد قیادت اور ان کے سہولت کار ملوث ہیں، دہشت گردوں نے حال ہی میں اسلام آباد کی امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں کارروائیاں کیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کی ذمہ داری افغانستان میں موجود پاکستانی طالبان، فتنہ الخوارج اور ان کے اتحادیوں نے قبول کی ہے، پاکستان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ یہ دہشتگردانہ کارروائیاں افغانستان میں موجود قیادت کی ہدایات پر کی گئیں۔ وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان نے متعدد بار افغان طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین دہشتگرد تنظیموں اور پراکسی عناصر کے استعمال سے روکنے کیلئے قابلِ تصدیق اقدامات کرے، تاہم افغان عبوری حکومت اس سلسلے میں مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔

Advertisements

جاری بیان کہا گیا ہے کہ پاکستان نے اپنی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جوابی کارروائی کرتے ہوئے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے 7 کیمپس اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم پاکستانی عوام کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے۔ وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ افغان طالبان حکومت پر زور دے کہ وہ دوحہ معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے تاکہ خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔