پاکستان کرکٹ بورڈ نے ذکا اشرف کی آئی سی سی اجلاس میں شرکت کا اعلامیہ واپس لے لیا
لاہور: ممکنہ چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف کی آئی سی سی اجلاس میں شرکت کا اعلان کرنے کے بعد پریس ریلیز ڈیلیٹ کردی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا تھا کہ بورڈ آف گورنرز کا رکن ہونے کی حیثیت سے ذکاء اشرف آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے تاہم بعد میں پریس ریلیز واپس لے لی گئی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں 9 سے 16 جولائی تک منعقد ہوگا۔
پی سی بی کے اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں ذکا اشرف کے ہمراہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر بھی شریک ہوں گے۔
آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں ذکا اشرف اور سلمان نصیر کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی کی منظوری پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین احمد شہزاد فاروق رانا نے دی ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم اور پیٹرن شہباز شریف نے مینجمنٹ کمیٹی تحلیل کردی تھی، انہوں نے ذکاء اشرف کی بورڈ آف گورنرز میں نامزدگی بھی کردی مگر نجم سیٹھی جاتے جاتے نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دے گئے۔
الیکشن کمشنر نے ارکان کا تقرر کالعدم قرار دیتے ہوئے نئی نامزدگیاں کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز بنادیا، معاملہ عدالت میں پہنچا تو حکم امتناع پر 27 جون کو شیڈول چیئرمین پی سی بی کا انتخاب ہی ملتوی کردیا گیا۔