باکو: پاکستان اور چین کے اشتراک سے بنائے گئے جے ایف 17 سی لڑاکا طیارے آذربائیجان کی فضائیہ کے بیڑے میں شامل کرلیےگئے۔ روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آذر بائیجان کی وزارت دفاع نے پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ جےایف 17 سی جنگی طیارے آذربائیجان کی فضائیہ کے بیڑے میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خبرایجنسی کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے پاکستانی فوجی حکام کے ہمراہ طیارے کی مہارت کا مشاہدہ کیا۔ صدر الہام علیوف نے جہاز میں بیٹھ کر بھی اس کا جائزہ لیا۔ خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ جےایف 17 سی طیارے پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس اور چین کی چینگڈو ائیرکرافٹ کارپوریشن کےاشتراک سے بنائےگئے ہیں۔ روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق رواں سال کے آغاز میں پاکستانی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ آذربائیجان JF-17C طیاروں کی خریداری کا ارادہ رکھتا ہے، یہ معاہدہ تقریباً 1.6 ارب ڈالر کی مالیت کا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ جدید، ہلکے اور ہر موسم کے طیارے ہیں، جو دن اور رات میں آپریشنز کے لیے ڈیزائن کیےگئے ہیں