اسپیکر قومی اسمبلی کو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے حمزہ شہباز کی حلف برادری کیلئے دائر کی جانے والی تیسری درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے فیصلے میں کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی 30 اپریل کو صبح ساڑھے گیارہ بجے حمزہ شہباز سے حلف لیں گے۔
جسٹس جواد حسن نے 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے پہلے دونوں عدالتی فیصلوں کی توثیق کردی ہے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ ہائی کورٹ کے پہلے دو فیصلوں کی روشنی میں اسپیکر حلف لیں۔
اس ضمن میں عدالت نے وفاقی حکومت کو حکم دیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے حلف لینے کا بندوبست کرے۔ علاوہ ازیں عدالت نے فیصلے کی کاپی فوری طور پر اسپیکر اسمبلی کو بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ بنیادی حقوق کا تحفظ عدالت کی ذمہ داری ہے، آئین کے آرٹیکل 201 کے تحت عدالت کا حکم وفاقی و صوبائی حکومتوں پر لازم ہے اور آئین ہر شہری کو ریاست کا وفادار رہنے کا پابند بناتا ہے۔
علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ صدر مملکت اور گورنر نے ہائیکورٹ کے پہلے فیصلوں کو جان بوجھ کر نظرانداز کیا، گورنر پنجاب حلف نہ لیکر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے، گورنر نے اپنی جگہ کسی کو نمائندہ مقرر نہ کرکے بھی ہائیکورٹ کے مشورے کی خلاف ورزی کی، ہائیکورٹ نے مشورہ دیا تھا کہ نئے وزیراعلیٰ کا حلف لیں یا نمائندہ مقرر کریں۔