اوچ شریف میں طوفانی بارش کا حادثہ، میتلہ ہوٹل کا چھپر گرنے سے ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی
اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر نے جائے وقوعہ کا وزٹ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اور مقامی افراد سے حادثے سے متعلق معلومات حاصل کیں
اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نے بستی سیال میں جاں بحق ہونے والے عبدالحمید کے اہل خانہ سے ملاقات کی،اور مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی کی
اوچ شریف (کرائم رپورٹر): اوچ شریف میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں میتلہ ہوٹل کا چھپر زمین بوس ہونے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ حادثے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اقراء ناصر نے جائے وقوعہ کا وزٹ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اور مقامی افراد سے حادثے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام اوچ شریف میں اچانک تیز آندھی کے بعد موسلا دھار بارش شروع ہوئی، جس کے دوران للو والی پل کے قریب واقع میتلہ ہوٹل کا چھپر اچانک گر گیا۔ چھپر کے نیچے موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کے نتیجے میں بستی ماہی کا رہائشی 55 سالہ عبدالحمید ولد اللہ وسایا موقع پر جاں بحق جبکہ 28 سالہ محمد ساجد ولد ریاض احمد زخمی ہوگیا۔
حادثے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اقراء ناصر نے میتلہ ہوٹل کا وزٹ کیا اور حادثے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے بستی سیال میں جاں بحق ہونے والے عبدالحمید کے اہل خانہ سے ملاقات کی، مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں پر زور دیا کہ بارشوں اور تیز آندھی کے دوران غیر ضروری طور پر کمزور چھپروں، خستہ حال عمارتوں اور دیگر خطرناک مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ اداروں کو فوری اطلاع دی جائے تاکہ بروقت امدادی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔دوسری جانب شدید بارش کے بعد اوچ شریف شہر میں نکاسی آب کے لیے میونسپل کمیٹی کا عملہ بھی متحرک ہوگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اقراء ناصر کی ہدایات پر شہر کے مختلف علاقوں اور اہم شاہرات پر جمع ہونے والے بارشی پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے۔
میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے عملے کی جانب سے محلہ گیلانی، کوچہ لنگاہ، مین بازار اور ہاتھی گیٹ بازار سمیت مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی، مین ہولز کی کلیئرنس اور سکر مشین کے ذریعے بارشی پانی کی نکاسی کی جا رہی ہے۔انتظامیہ کی جانب سے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے عملہ اور مشینری فیلڈ میں موجود ہے جبکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف مقامات پر صورتحال کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

