اوچ شریف میں سرکاری اراضی پر قبضہ، ذمہ دار ادارے خاموش تماشائی

اوچ شریف (نامہ نگار) اوچ شریف میں سرکاری اراضی پر قبضہ‘ ذمہ دار ادارے خاموش تماشائی ، عوامی سماجی حلقوں میں شدید تشویش ، ارباب اختیار سے نوٹس لے کر اصلاح احوال کا مطالبہ ۔
تفصیل کے مطابق اوچشریف شہر میں سرکاری اراضی پر بااثر قبضہ مافیانے بس اسٹینڈ ، سلاٹر ہاؤس،ریلوے ٹریک محکمہ انہار اراضی سمیت دیگر اہم سرکاری اداروں کی اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے قبضہ مافیا نے اہم اور قیمتی سرکاری پلاٹوں پر قابض ہوکر وہاں تعمیرات قائم کررکھی ہیں۔ان میں سے چند قبضہ گروپوں نے قبضہ جمانے کے بعد قیمتی پلاٹ فروخت کرڈالے ہیں اور چند نے قبضہ جمانے کے بعد وہاں پختہ تعمیرات قائم کرلی ہیں جن میں ہوٹل، دوکانیں ، مکانات اور دیگر تعمیرات شامل ہیں۔ اس مافیا میں زیادہ تر جرائم پیشہ افراد شامل ہیں جنہیں بااثر شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائیوں سے گریز کیا جاتا ہے۔متعلقہ حکام اول تو قبضہ مافیا کی سرگرمیوں کی طرف سے چشم پوشی اختیار کرلیتے ہیں جب کہ عوامی دباؤ پر محض خانہ پری یا کاغذی کارروائی کے طور پر اعلی افسران کو لیٹر جاری کیے جاتے ہیں جو سرخ فیتے کی نذر ہوجاتے ہیں۔قبضہ مافیا کے بعض گروپوں کو بااثرسیاسی جماعتوں کی سرپرستی بھی حاصل ہوتی ہےکیونکہ اس مافیا کے کارندے سیاسی جماعتوں کی ریلیوں ، جلسے اور جلوسوں میں ان کے پرچم اٹھائے شریک ہوتے ہیں اور ان جماعتوں کومبینہ طور پر فنڈز بھی مہیا کرتے ہیں ۔ ان کی سیاسی خدمات کے عوض سیاسی جماعتیں ان قبضہ گروپوں کومکمل طور سے مدد فراہم کرتی ہیں خاص طور پر برسراقتدار جماعتیں بیوروکریسی کو ان کے معاملات سے چشم پوشی اختیار کرنے کی ہدایت کرتی ہیں گزشتہ رات بھی نامعلوم افراد نے خیر پور ڈاہا روڈ پر واقع مذبح خانہ (سلاٹر ہاؤس) پر دھاوا بول کر اس کی سولنگ اکھاڑنے کے ساتھ ساتھ گیٹ اور دیوار توڑ کر اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ مذبح خانہ کی اراضی میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے زیر ملکیت ہے جب کہ اس کے انتظامی معاملات کی نگرانی بھی میونسپلیٹی حکام کرتے ہیں میونسپلیٹی حکام کا دعویٰ ہے کہ اس واقعہ میں بلدیاتی ادارے کو کم از کم پچاس ہزار روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، جب کہ میونسپل کمیٹی احمد پور شرقیہ کے چیف آفیسر ظفر اقبال، جن کے پاس میونسپل کمیٹی اوچ شریف کا اضافی چارج بھی ہے، انہوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قبضہ کرنے کی پاداش میں نامعلوم ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست تھانہ اوچ شریف میں دے دی ہے تاہم عوامی سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور انہوں نے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔