نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا انتخابی معرکہ،ڈاکٹر سعدیہ کمال اور مطیع اللہ جان کی زوردار انتخابی مہم جاری

شہر اقتدار کے پریس کلب کے انتخابات 17 مارچ کو ہوں گے بیدار ،افضل بٹ اور شکیل قرار گروپ آمنے سامنے،کانٹے دار مقابلہ کا امکان
بیدار گروپ کی صدارتی امیدوار ڈاکٹر سعدیہ کمال اور معروف صحافی مطیع اللہ جان کا ٹی وی چینلز اور اخبارات کے نیوز رومز کا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ وزٹ کامیابی کی صورت میں پریس کلب میں فیملی جیسا ماحول دینے کا اعلان ،کارکن صحافیوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہو گی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے انتخابات 17 مارچ کو ہوں گے اس سلسلے میں پریس کلب کے تین دھڑوں شکیل قرار افضل بٹ اور بیدار گروپوں کے امیدواروں کے مابین کانٹے دار مقابلہ ہوگا -بیدار گروپ کی قیادت ڈاکٹر سعدیہ کمال اور ان کے اتحادی جاگو گروپ کے قائد اور مشہور یوٹیوبر مطیع اللہ جان کر رہے ہیں جبکہ پرییس کلب اسلام آباد کے چار گروپوں کے رہنماؤں نے صدارتی امیدوار ڈاکٹر سعدیہ کمال اور جنرل سیکرٹری شپ کے امیدوار وسیم عباس سمیت پینل میں شامل دیگر تمام امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے
بیدار گروپ کی صدارتی امیدوار ڈاکٹر سعدیہ کمال اور اور جاگو گروپ کے قائد مطیع اللہ جان کی قیادت میں بیدار گروپ کی ٹیم نے گزشتہ تین دنوں کے دوران شہر اقتدار میں زوردار انتخابی مہم چلا رکھی ہے وہ یکے بعد دیگرے تمام ٹی وی چینلز اور اخبارات کے نیوز رومز کا وزٹ کر کے کنویسنگ کر رہے ہیں تاکہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے انتخابی معرکہ میں اپنی انتخابی کامیابی کو یقینی بنا سکیں- مشہور صحافی مطیع اللہ جان نے اس انتخابی مہم کے دوران متعدد مقامات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم مرد گزشتہ کئی عشروں سے پریس کلب اسلام آباد کا انتظام و انصرام چلانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں اسلئے ہم ڈاکٹر سعدیہ کمال کی صورت میں ایک خاتون کو پریس کلب کی صدارت کے منصب پر فائز دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ پریس کلب میں فیملیز کا ماحول۔قائم۔کیا جا سکے۔صدارتی امیدوار ڈاکٹر سعدیہ کمال کا کہنا تھا کہ اگر وہ صدر منتخب ہو گئیں تو پریس کلب اسلام آباد میں بھی پریس کلب کراچی جیسا ماحول قائم کریں گی اور میڈیا مالکان کی بجائے صرف اور صرف عامل صحافیوں کے حقوق کی جنگ لڑیں گی