اب پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دوں گا،نگران وزیراعظم

اب خیالات بدل گئے ہیں، کئی پارٹیوں کو موقع ملا پاکستان کے گورننس چیلنجز حل نہیں کرسکے 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کے سرنڈر کرنے تک قانونی رکاوٹیں آئیں گی:انوارالحق کاکڑ
اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے بعد کئی لوگ روپوش ہیں اور ان کے سرنڈر کرنے تک انھیں قانونی رکاوٹوں کا سامنا ہوگا۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت کے دور میں بھی فوجی ٹرائل ہو سکتا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی طور پر 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ابھی تک میرے پاس ایسی کوئی معلومات نہیں کہ اس پر رائے قائم کر سکوں، رائے قائم کرنے سے قبل سمجھتاہوں یہ عدالتی عمل ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ انٹیلیجنس رپورٹس مختلف ہوتی ہیں، اس بنیاد پر جزا اور سزا کا تعین نہیں کر سکتے، بہت سے لوگ 9 مئی کے واقعات کے بعد روپوش ہیں، جب تک قانون کے سامنے سرنڈرنہیں کریں ان کی سیاسی سرگرمیوں میں قانونی رکاوٹیں آئیں گی
پی ٹی آئی کے روپوش رہنماؤں سے متعلق بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان لوگوں کو خود فیصلہ کرنا ہے کہ کون سی رائے اپنانی ہے۔
انوارالحق کاکڑ سے سوال کیا گیا کیا اب پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے؟ نگران وزیراعظم نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دوں گا، اب خیالات بدل گئے ہیں، کئی پارٹیوں کو موقع ملا پاکستان کے گورننس چیلنجز حل نہیں کرسکے، پی ٹی آئی کو ووٹ اس امید پر دیا تھا کہ گورننس چیلنجز حل کرپائے گی۔