اخبار پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

ناروے ایمبیسی کی خاتون قونصلر “ایلن انیتا کیلویگ” کی قیادت میں آٹھ رکنی وفد کی اوچشریف میں شیخ ناصر سلیم کی اقامت گاہ پر آمد

norway ambassador visits Sheikh Nasir residence
ناروے ایمبیسی کی خاتون قونصلر اور وفد کے اراکین کا میزبان شیخ ناصر سلیم کے ہمراہ گروپ فوٹو

ناروے کی خاتون قونصلر کا شیخ ناصر سلیم کی علاقائی تعمیر وترقی کے فروغ کے لئے پیش کردہ تین تجاویز پر اصولی اتفاق

صدر ایگلریکلچر کامرس جنوبی پنجاب شیخ ناصر سلیم نے ناروے قونصلر کو اوچشریف کے مزارات کی زیارت کے لئے آنے والے زائرین اور سیاحت کے فروغ کے لئے معیاری ہوٹل اور تفریحی پارک کے قیام،ضلع بہاول پور کے مختلف علاقوں میں آب نوشی کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور ضلع بہاول پور کے غریب طلباء وطالبات کے لئے سفارت خانہ کے اسکالر شپس میں کوٹہ مختص کرنے کی تجاویز پیش کیں۔

خاتون قونصلر نےشیخ ناصر سلیم ایڈووکیٹ کی پیش کردہ تینوں تجاویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا۔قونصلر نے بی بی جیوندی کے مزار کا بھی وزٹ کیا،بعد ازاں ناروے سفارت خانہ کے وفد نے شیخ ناصر سلیم کے ہمراہ آغا خان ہیلتھ سنٹر کا معائنہ کیا جہاں شیخ ناصر سلیم نے انہیں مذکورہ سنٹر کی 35 سالہ طویل خدمات کے بارے میں بریفنگ دی۔

اوچشریف(نامہ نگار) پاکستان میں متعین ناروے کی قونصلر ایلن انیتا کیلویگ کی قیادت میں آٹھ رکنی وفد نے علی الصبح اوچشریف کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے ایگریکلچر کامرس جنوبی پنجاب کے صدر شیخ ناصر سلیم ایڈووکیٹ کی اقامت گاہ پر ناشتہ کیا اور بعد ازاں بی بی جیوندی کے مزار کا وزٹ کیا۔ناروے کی خاتون قونصلر کے شوہر،ان کی صاحبزادی سمیت آٹھ رکنی وفد ان کے ہمراہ تھا۔میزبان اوچشریف کی معروف سماجی وسیاسی شخصیت شیخ ناصر سلیم نے ناروے کی خاتون قونصلر کو تجویز پیش کی کہ حکومت ناروے اوچشریف،ہیڈ پنجند کے مقام پر یاموٹروے انٹر چینج کے قریب محکمہ ٹورازم پاکستان کے اشتراک سے ہوٹل اور تفریحی پارک قائم کرے،تاکہ اوچشریف میں تاریخی مزارات کی زیارت کے لئے آنے والے زائرین کو طعام وقیام کی سہولت میسر آ سکے۔شیخ ناصر سلیم نے ناروے کی خاتون قونصلر کی توجہ احمد پور شرقیہ،اوچشریف،بہاول پور اور دیگر نواحی علاقوں کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں پینے کا زیر زمین پانی مضر صحت ہو چکا ہے،جب کہ آب نوشی کے لئے لاکھوں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،لہذا حکومت ناروے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ضلع بہاول پور میں بڑے واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کرے۔صدر ایگریکلچر آف کامرس جنوبی پنجاب نے ناروے کی قونصلر کو بتایا کہ ضلع بہاول پور کے بیشتر علاقوں کے طلباء وطالبات اپنے والدین کی کم آمدنی کے باعث اعلی تعلیم کے حصول سے محروم رہ جاتے ہیں۔لہذا ناروے ایمبیسی طلباء وطالبات کے لئے اپنے مقامی وانٹر نیشنل اسکالر شپس میں ضلع بہاول پور کے غریب اور ہونہار طلباء وطالبات کے لئے کوٹہ مختص کرے،ناروے کی خاتون قونصلر نے شیخ ناصر سلیم ایڈووکیٹ کی تینوں مذکورہ بالا تجاویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا۔ڈیراور روانگی سے قبل ناروے کے سفارت خانہ کے آٹھ رکنی وفد نے آغا خان ہیلتھ سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔شیخ ناصر سلیم نے ہیلتھ سنٹر کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 35 برسوں سے ان کا خاندان اس سنٹر کے ذریعے علاقہ کے باشندگان کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ناشتہ کی میز پر شیخ ناصر سلیم اور ناروے کی خاتون قونصلر کی قیادت میں آنے والے وفد نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

norway ambassador visits Sheikh Nasir residence 2
ناروے کی خاتون قونصلر کی قیادت میں وزٹ کرنے والا وفد میزبان شیخ ناصر سلیم کے ہمراہ ان کی اقامت گاہ پر ناشتہ کرتے ہوئے
norway ambassador visits Sheikh Nasir residence 3
ناروے ایمبیسی کا وفد شیخ ناصر سلیم کے ہمراہ آغا خان ہیلتھ سنٹر کا وزٹ کرتے ہوئے

مزید پڑھیں