Advertisements

ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی بات نہیں

Advertisements

اداریہ — 18 دسمبر 2025

آرمی پبلک سکول پشاور پر دہشت گرد حملے کی گیارہویں برسی کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے پیغامات نے ایک بار پھر قومی عزم کی تجدید کی ہے کہ ریاستِ پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔ اے پی ایس کے معصوم شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے بیداری، اتحاد اور فیصلہ کن جدوجہد کی علامت ہیں۔ ان شہداء کی یاد ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی نرمی، ابہام یا مصلحت کی کوئی گنجائش نہیں۔

Advertisements

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے بات چیت ممکن نہیں اور امن کے دشمنوں کو ہر حال میں ناکام بنایا جائے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سانحۂ اے پی ایس کو پوری قوم کے لیے ایک عظیم آزمائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں ہمیشہ قومی یادداشت کا حصہ رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے دی گئی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سانحۂ اے پی ایس نے دہشت گردی کے سفاک چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کسی نام، نعرے یا جھنڈے کے تحت ہو، ہر صورت ناقابلِ قبول ہے اور ریاست اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے ہمہ جہت اور فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گی۔

سانحۂ اے پی ایس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ طویل ضرور ہے مگر فیصلہ کن ہے۔ قومی اتحاد، ریاستی رٹ کے قیام اور قانون کی عملداری کے ذریعے ہی پائیدار امن ممکن ہے۔ پوری قوم اس عزم پر قائم ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت پاکستان کو ایک محفوظ اور پرامن ملک بنایا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔