کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ جاری
اسلام آباد: وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے خلاف غیرملکی سازش کے ثبوت نہیں ملے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید، سینئر سول اور ملٹری افسران سمیت وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، وزیر مملکت حنا ربانی کھر اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے سے موصول ہونے والے ٹیلی گرام پر تبادلہ خیال کیا، این ایس سی نے مواصلات کے مواد کی جانچ کرنے کے بعد این ایس سی کی گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی۔ این ایس سی کو پریمیئر سیکیورٹی ایجنسیوں نے دوبارہ مطلع کیا کہ انہیں کسی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے مواصلات کے مواد، موصول ہونے والے جائزوں اور سیکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے پیش کردہ نتائج کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ کوئی غیر ملکی سازش نہیں ہے۔