تحریک عدم اعتماد: قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تحریک عدم اعتماد کے لیے اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس 25 مارچ کو طلب کرلیا۔
اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ جمعہ کو صبح 11 بجے طلب کرلیا۔ یہ اجلاس انہوں نے آئین کی شق 54 (3) اور شق 254 کے تحت تفویص اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے طلب کیا ہے۔ جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق یہ موجودہ قومی اسمبلی کا 41 واں اجلاس ہوگا جسے اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں مرحوم ایم این اے کی دعائے مغفرت کو شامل کیا گیا ہے اور اس کے بعد اجلاس کو آگے بڑھانے کا فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا رکھی ہے اور اس حوالے سے اپوزیشن نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ اگر اسپیکر نے قومی اسمبلی کے 21 مارچ سے شروع ہونے والے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر کارروائی آگے نہ بڑھائی تو ہم قومی اسمبلی میں ہی دھرنا دے دیں گے۔ اپوزیشن کے اس بیان کے بعد وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 21 کے بجائے 25 مارچ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔