صحافی زاہد اویسی پر حملہ: نو زخم، ٹانکے اب بھی موجود، انصاف کا مطالبہ
محرم الحرام کے احترام میں احتجاج مؤخر، وزیراعلیٰ پنجاب سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی اپیل
بہاولپور (خصوصی رپورٹ): بہاولپور کے صحافی اور روزنامہ خبریں کے کرائم رپورٹر زاہد اویسی کو دن دہاڑے تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کرنے کے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے سمیت متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے مطالبے کے لیے آج ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بہاولپور کے دفتر کے باہر ہونے والا پُرامن احتجاج محرم الحرام کے احترام میں ملتوی کر دیا گیا۔
دریں اثناء، مبینہ طور پر 10 افراد کے ہاتھوں گھیر کر ڈنڈوں اور سوٹوں سے تشدد کا نشانہ بننے والے صحافی زاہد اویسی نے رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان کو ٹیلی فون پر بتایا کہ اس بہیمانہ حملے کے نتیجے میں ان کے جسم پر نو زخم آئے اور ان زخموں پر لگائے گئے ٹانکے اب بھی موجود ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والے بعض بااثر مقامی افراد کے دباؤ کے باعث بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے متعلقہ میڈیکل آفیسر نے درست میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا، جبکہ پولیس نے بھی واقعے کا مقدمہ مناسب اور متعلقہ دفعات کے تحت درج نہیں کیا۔
زاہد اویسی نے مزید بتایا کہ انہوں نے 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا، جن میں سے دو افراد پر اعانتِ جرم کا الزام بھی شامل ہے، تاہم تاحال پولیس نہ تو کسی ملزم کو گرفتار کر سکی ہے اور نہ ہی ملزمان نے عدالت سے عبوری ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جا سکے۔
ایک سوال کے جواب میں زاہد اویسی نے روزنامہ خبریں کی انتظامیہ، بالخصوص ایڈیٹر اِن چیف امتنان شاہد اور جنرل منیجر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بہاولپور پریس کلب رجسٹرڈ، اتحاد پریس کلب بہاولپور، سٹی پریس کلب بہاولپور اور ریجنل پریس کلب بہاولپور کی قیادت کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جنہوں نے مشکل وقت میں ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور بھرپور حمایت فراہم کی۔
زاہد اویسی نے کہا کہ صحافی برادری پر حملے آزادیِ صحافت پر حملے کے مترادف ہیں اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا ملنی چاہیے تاکہ صحافی محفوظ ماحول میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔

