سال نو: وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم
انسپکٹر جنرل پولیس کو ضروری ہدایات جاری، ہوائی فائرنگ،ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کے واقعات روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں
لاہور 31دسمبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سال نو پر امن عامہ کی فضا یقینی بنانے کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ سال نو پر ہوائی فائرنگ اورہلڑ بازی کرنے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی کی جائے اورایسے افراد کو جیلوں میں ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہوائی فائرنگ اورہلڑ بازی کے واقعات روکنے کیلئے پیشگی موثر اقدامات اٹھائے اور آر پی اوز،سی پی اوزاورڈی پی اوزاس ضمن میں جامع حکمت عملی وضع کریں۔عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نئے سال کی آمدپر ون ویلنگ کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ جس ضلع سے ون ویلنگ کی شکایت سامنے آئی متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔ون ویلنگ روکنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کرنے والوں کو قانون کے تحت سزا ملے گی۔ کم عمر افراد کے خلاف گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے پر بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔