گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت صادق پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں نئے پرنسپل مسٹر ڈیوڈ ڈاوڈلز کے نام کی منظوری
لاہور17جنوری2023…گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں صادق پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ آف گورنرز نے سکول کے نئے پرنسپل مسٹر ڈیوڈ ڈاوڈلز کے نام کی متفقہ طور پر منظوری دی اور ان کی تعیناتی کے شرائط و ضوابط کو منظور کیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ صادق پبلک سکول بہاولپور کو ایک مثالی تعلیمی ادارہ بنانا ہے۔ اس موقع پر بورڈ آف گورنرز نے تین ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری بھی دی ہے جو سکول کے اندر تدریسی نظام، انفراسٹرکچر اور مالی معاملات کو دیکھیں گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم کے شعبے پر نہ صرف بھر پور توجہ دینا ہوگی بلکہ اس کے معیارکو مزید بلند بھی کرنا ہے۔
بعد ازاں، صادق پبلک سکول کی تدریسی کمیٹی کا اجلاس بھی گورنر ہائوس میں ہوا جس کی صدارت ڈاکٹر راحیل صدیقی نے کی۔ اجلاس میں سکول کے تدریسی معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے تدریسی کمیٹی کے ساتھ اپنا وژن شیئر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صادق پبلک سکول بہاولپور کو ایک درخشاں تعلیمی درسگاہ بنانا ہے۔ اجلاس میں ڈاکٹر فیصل باری، عظمی یوسف اور احتشام انور بھی موجود تھے۔